i پاکستان

سکھر، عدالتی احکامات پر آپریشن، پولیس ویلفیئر کی تمام دکانیں اور دفاتر سرکاری تحول میں لے لیے گئےتازترین

June 17, 2026

وفاقی آئینی عدالت اور سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سکھر پولیس نے بڑا آپریشن کیا اور پولیس ویلفیئر سے متعلق تمام دکانوں اور دفاتر کو سرکاری تحویل میں لے کر سیل کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق آئینی پٹیشنز نمبر 292/2024 تا 300/2024 میں جاری عدالتی احکامات کی روشنی میں کارروائی کی گئی۔آپریشن کے دوران متعلقہ املاک کو خالی کرا کر ان پر سرکاری سیل لگا دی گئی جبکہ تمام ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ متعدد نوٹسز اور ریمائنڈرز جاری کیے جانے کے باوجود دکانیں خالی نہیں کی گئیں جو عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی کے مترادف تھا۔ اسی تناظر میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن نے واضح کیا ہے کہ سیل شدہ دکانوں یا دفاتر کی سیل کھولنے، اندر داخل ہونے یا کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے خبردار کیا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں توہین عدالت اور کارِ سرکار میں مداخلت کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔پولیس کے مطابق اگر کسی شخص نے سیل توڑنے، قبضہ کرنے یا دوسروں کو اس عمل پر اکسانے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت قانونی اور تعزیری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلوں پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی