i پاکستان

سکیورٹی فورسز کی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کارروائیاں، فتنہ الخوارج کے4 دہشتگرد ہلاک، ٹھکانے تباہ، اسلحہ و گولہ بارود بر آمدتازترین

September 30, 2026

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ، کئی ٹھکانے تباہ اور اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی،خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ضلع سہراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب آپریشن کر کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔سکیورٹی فورسز نے مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کر دیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا، فتنہ الہندوستان کے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لیا گیا ہے۔دوسری جانب سکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کے تحت خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کر کے 3 خارجی جہنم واصل کئے، کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے میر علی اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو درستگی سے تباہ کر دیا، فورسز نے خارجی دہشتگردوں کی جانب سے میر علی بازار کے قریب راشن کے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے پر عزم ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی مہارت اور بہادری قابلِ فخر ہے۔ ان رہنمائوں نے دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہا اور ملک کے دفاع کے لئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثنا خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والا فتن الخوارج سے منسلک خودکش حملہ آور راستے میں ہی غیر ارادی دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہوگیا۔ذرائع کے مطابق دہشت گرد پٹوارخانے کی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں اس کے پاس موجود بارودی مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔دھماکے کے باعث سرکاری پٹوارخانے سے متصل 2 گھروں کو بھی نقصان پہنچا اور ان کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ بھتہ خوری کے تنازع سے بھی منسلک بتایا جار ہا ہے اور مبینہ طور پر پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے جبکہ دھماکے کی نوعیت اور واقعے کے دیگر پہلوئو ں کی تحقیقات جاری ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی