سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں آپریشن کرکے فتنہ الخواراج کے 11دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی سرپرست یافتہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن کیا جس دوران 11 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ 6 ستمبر کو دہشتگردوں نے خاران میں سڑک بلاک کرکے ٹریفک معطل کرنے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا گھیرا ئوکیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 بھارتی سرپرست یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 7 ستمبر کو واشک کے علاقے میں بھی دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی جہاں آپریشن کے دوران افواج نے دہشتگردوں کی پناہ گاہ کو موثر انداز میں تباہ کردیا اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 2.9 ٹن دھماکاخیز مواد بھی برآمد کیا جو دیسی ساختہ بم بنانے میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی