سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک-افغان سرحدی علاقے میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر د یا اورسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کو ضلع شمالی وزیرستان میں پاکستان-افغان سرحد کے ساتھ فتنہ الخوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی تھی جس کے بعدسکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے اس گروہ کو نشانہ بنایا اور انکی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان حکومت کی موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے میں ناکامی ہمارے موقف کی توثیق ہے، افغان طالبان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، افغان طالبان حکومت افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف عزمِ استحکام کے تحت آپریشن جاری ہے، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈائون تیز کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔
دریں اثنامصدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ وطن کے دفاع اور سرحدوں کے تحفظ کیلئے سکیورٹی فورسز کا کردار قابلِ فخر ہے۔صدر آصف علی زرداری نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے۔وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرِ ستان میں پاک افغان سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، مجھ سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ کے غیر متزلزل عزم میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج نے بروقت کارروائی کرکے بھارتی سپانسرڈ 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ قوم کو پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی