شرقپور شریف میں نوسربازوں کی ایک جھوٹی کال نے 60 سالہ محنت کش کی جان لے لی۔رپورٹ کے مطابق شرقپور شریف میں نوسربازوں کی جانب سے بیٹے کی گرفتاری کی جعلی خبر ملنے پر ایک معمر درزی دل کا دورہ پڑنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔لواحقین کے مطابق 60 سالہ طالب حسین کو نامعلوم نوسربازوں نے فون کیا اور اطلاع دی کہ ان کا بیٹا پولیس کی گرفتاری میں ہے۔ نوسربازوں نے بیٹے کی رہائی کے بدلے 50 ہزار روپے کی رقم کا مطالبہ کیا۔ بیٹے کی اچانک گرفتاری کی خبر سن کر طالب حسین شدید ذہنی پریشانی اور خوف کا شکار ہو گئے۔لواحقین نے بتایا کہ واقعے کے وقت طالب حسین کا اپنے بیٹے سے رابطہ نہ ہو سکا، جس کے باعث ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی۔ وہ اسی پریشانی کے عالم میں اپنی دکان سے گھر پہنچے ہی تھے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو بارہا خبردار کیا گیا ہے کہ ایسی جعلی کالز پر کان نہ دھریں، تاہم نوسربازوں کے اس گھنانے فعل نے ایک ہنستا بست گھر اجاڑ دیا۔ مرحوم کے لواحقین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نوسربازوں کے گروہ کو فوری طور پر ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی