ڈپٹی کمشنر اسلام آبادعرفان نواز میمن نے وفاقی دارالحکومت میں پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی قلت کی خبروں پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر بھر میں پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کا سٹاک وافر مقدار میں موجود ہے۔ڈی سی اسلام آباد کے ایکس اکائو نٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیوی ٹریفک کی بندش کی وجہ سے چند پیٹرول پمپس کو وقتی پریشانی کا سامنا رپورٹ ہوا تاہم پیٹرول ٹینکرز کے ذریعے ایسے تمام پمپس پر فیول کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں پمپس پر سٹاک کی دستیابی پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بھی شہر بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی اور دستیابی کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ کسی پمپ پر قلت رپورٹ ہونے کی صورت میں فی الفور اقدامات کیے جائیں گے۔یاد رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کے پیشِ نظر شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی