i پاکستان

شمالی وزیرستا ن میں فورسز کی کارروائی، دہشتگرد سرغنہ خارجی سمیت 5 دہشت گرد جہنم واصل، وانا میں دفعہ 144 نافذتازترین

May 21, 2026

شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ خارجی سمیت پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرد یا گیا ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں اہم کامیابی ملی ہے ۔ سکیورٹی فورسز نے مربوط حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر جہنم واصل کیا۔ہلاک ہونے والے انتہائی مطلوب دہشت گرد کی شناخت عمر عرف جان میر عرف تور ثاقب کے طورپر ہوئی ہے ۔ خارجی سرغنہ عمرعرف جان میر عرف ثاقب تور کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک فتنہ الخوارج کا سرغنہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر کئی دہشت گرد حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا، جبکہ خارجی عمر عرف ثاقب تور نے سپین وام میں بوبالی مسجد کے اطراف علاقے میں زیر زمین بنکر، سرنگیں اور بارودی جال بچھا رکھا تھا۔

۔ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد سرغنہ کی ہلاکت سے علاقے میں امن بحال ہو گا، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں خوارجی سرغنہ کی ہلاکت فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کیلئے ایک بڑا دھچکا ہے، جبکہ آپریشن عزم استحکام کے تحت فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ اس ضمن میں جاری نوٹیکیشن کے مطابق وانا میں صبح 6 سے شام 6 بجے تک کے لئے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے ۔وانا کے مختلف علاقے تیارزہ، کرب کوٹ، عزیز آباد چوک، درگئی، توئی خلہ گل کچ جانے والے راستے بند رہیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی