اسلام آباد پمز اسپتال میں 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں بچ جانیوالی واحد بچی ایزل تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے، والدین نے قوم سے دعا کی اپیل کی ہے۔ بچی کی والدہ آصفہ بی بی نے نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آئی سی یو میں بچی زیر علاج ہے، اسے دھویں نے متاثر کیا ہے۔ بچی پری میچور پیدا ہوئی جس کی وجہ سے کمزور ہے۔ بچی 6 ماہ 10 دن کی 12 اگست کو پیدا ہوئی ، ہماری پہلی اولاد ہے۔والد وقاص نے کہا کہ بچی کی طبیعت ایک دن بہتر ہوتی ہے دوسرے دن بگڑ جاتی ہے۔خون لگوا رہے ہیں لیکن حالت بگڑ رہی ہے۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کا کہنا تھاکہ وارڈ کے تمام بچوں کو گزشتہ شب دیکھ کر آیا ہوں بچے انتہائی نگہداشت والے تھے ، جو ابھی زیر علاج ہیں۔ دوسری جانب بچی کو بچانے والی نرس رضیہ نورین نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا انہوں نے دیگر بچوں کو بچانے کی بھی کوشش کی مگر شدید دھوئیں اور آگ کے باعث وہ نرسری میں دوبارہ داخل نہ ہوسکیں ، دیگر بچوں کی موت نے انہیں شدید صدمے سے دوچار کیا ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی