i پاکستان

سعودی عرب اور آذربائیجان کی خیبرپختونخوا دہشتگردی کی شدید مذمت، پاکستان سے اظہار یکجہتیتازترین

May 11, 2026

سعودی عرب اور آذربائیجان نے خیبرپختونخوا میں پیش آنیوالے دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب ہر قسم کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کو سختی سے مسترد کرتا ہے اور ایسے بزدلانہ واقعات کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔بیان میں دہشتگردی کے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی گئی۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔دریں اثنا آذربائیجان کے وزیر داخلہ نے بھی صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو آذربائیجان کے ہم منصب کرنل جنرل ولایت ایوازوف کا مراسلہ موصول ہوا ۔آذربائیجان کے وزیر داخلہ نے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے علاوہ ازیں انہوں نے پاکستانی عوام اور متاثرین سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔آذربائیجانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خودکش حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے کے افسوسناک واقعہ پر انتہائی رنجیدہ ہیں، آذربائیجان ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے، آذربائیجان دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کی مستقل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ پر ہم پاکستان کے برادر عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالی شہدا کو اپنی رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی دے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی