وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ڈرنکنگ واٹر بوتل پر چارجز لگانے کی ابتدائی تجویز مسترد کرتے ہوئے عوام کو صاف پانی کی مفت فراہمی کے منصوبے کو مزید موثر ر بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں کلین ڈرنکنگ واٹر منصوبوں، واٹر فلٹریشن پلانٹس، بوٹلنگ پلانٹس اور گھر گھر پانی کی فراہمی سے متعلق تجاویز اور سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 4 اضلاع میں جاری بوتل ڈرنکنگ واٹر کے پائلٹ پراجیکٹ پر روزانہ رپورٹ طلب کی گئی، جبکہ بہاولپور، رحیم یار خان، خوشاب اور ڈیرہ غازی خان میں صاف پانی کی فراہمی اور عوامی فیڈ بیک لینے کی ہدایات جاری کی گئیں،وزیراعلی نے چاروں اضلاع میں پینے کے پانی کی روزانہ ضرورت کا تعین کرنے کی بھی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 4 اضلاع میں 19 لیٹر کی 10 ہزار بوتلیں مفت فراہم کی جارہی ہیں،خوشاب میں روزانہ 860، رحیم یار خان میں 780، ڈیرہ غازی خان کے کوہ سلمان کے دور دراز علاقوں میں 1500 جبکہ بہاولپور کے پسماندہ علاقوں میں 2780 بوتلیں صاف پانی فراہم کی جارہی ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 864 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر شروع ہوچکی ہے، جبکہ مزید 1913 پلانٹس کا آغاز جلد کیا جائے گا
،وزیراعلی نے صوبہ بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے 1886 منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں کلین ڈرنکنگ واٹر کے 670 بوٹلنگ پلانٹس قائم کرنے کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق 335 بوٹلنگ پلانٹس پر روزانہ 5 ہزار لیٹر جبکہ مزید 335 پلانٹس پر 10 ہزار لیٹر صاف پانی تیار کیا جاسکے گا، صاف پانی کی بوتلوں کی فراہمی کیلئے 4020 ڈسٹری بیوشن پوائنٹس قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے عوام کو ان کی دہلیز پر صاف پانی پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پینے کا صاف پانی پنجاب کے ہر شہری کا حق ہے، جہاں صاف پانی دستیاب نہیں، وہاں ہر صورت بوتلوں میں بند پانی پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص خواتین اور بزرگوں کو پانی کے حصول کیلئے مشکلات برداشت کرتے دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے،دور دراز علاقوں میں پانی کے لیے تپتی دھوپ اور کٹھن راستوں کی صعوبتیں برداشت کرنے کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ صاف پانی صرف ایک سہولت نہیں بلکہ عوام کی صحت، سکون اور وقار کی ضمانت ہے،اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مختصر مدت میں کلین ڈرنکنگ واٹر کو گھر گھر تک پہنچانے کا عمل ممکن بنایا گیا ہے اور اس منصوبے کے تحت روزانہ لاکھوں لیٹر پانی عزت و احترام کے ساتھ عوام کی دہلیز تک پہنچایا جارہا ہے۔ وزیراعلی نے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ٹرکوں کی تعداد بڑھانے اور منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی