پنجاب حکومت کی جانب سے شہریوں کی سہولت کیلئے راولپنڈی میں ایک نئی اور اہم سروس کا آغاز کر دیا گیا، جس کے تحت اسپتال سے میت کو گھر تک منتقل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اس سلسلے میں ریسکیو 1122 نے شہر کے بڑے اسپتالوں جن میں ہولی فیملی اسپتال، بے نظیر بھٹو اسپتال، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی شامل ہیں، میں خصوصی بوتھ قائم کر دئیے ہیں تاکہ شہریوں کو فوری سہولت میسر ہو سکے۔ضلعی ایمرجنسی آفیسر کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 7 گاڑیاں اس سروس کیلئے فراہم کی گئی ہیں، انہوں نے بتایا کہ سروس کے آغاز کے پہلے ہی دن 3 میتیں اسپتالوں سے ان کے گھروں تک باحفاظت منتقل کی گئیں، جو اس منصوبے کی کامیابی کی ابتدائی علامت ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پنجاب حکومت کا ایک خصوصی پائلٹ پراجیکٹ ہے جسے ابتدائی طور پر صوبے کے 3 اضلاع میں شروع کیا گیا ہے، اس سروس کا مقصد غمزدہ خاندانوں کو مشکل وقت میں سہولت فراہم کرنا اور انتظامی عمل کو بہتر بنانا ہے۔ریسکیو 1122 کے مطابق مستقبل میں اس سروس کو مزید اضلاع تک بڑھانے کا امکان ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی