سٹی ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کی خصوصی ہدایت پر شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کے عمل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران ریکارڈ 84 ہزار 500 سے زائد شہریوں کو مختلف لائسنسنگ سہولیات فراہم کی گئیں۔ترجمان راولپنڈی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا 23 ہزار 266 شہریوں نے ڈرائیونگ سیکھنے کے لیے لرنر پرمٹ حاصل کیے جبکہ ٹیسٹ پاس کرنے والے 15 ہزار 25 شہریوں کو نئے ریگولر لائسنس جاری کیے گئے۔اس کے علاوہ 5 ہزار 208 شہریوں نے اپنے میعاد ختم ہونے والے لائسنسوں کی تجدید کروائی جبکہ بیرون ملک سفر کرنے والے 154 شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 929 لائسنسوں کی توثیق کی گئی، جبکہ مجموعی طور پر تقریبا 40 ہزار شہریوں کو دیگر متفرق لائسنسنگ خدمات فراہم کی گئیں۔
سی ٹی او راولپنڈی نے شہریوں کے اس جوش و خروش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی ٹریفک کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو "مثالی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔انھوں نے مزید کہا شہری کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی اور بھاری چالان سے بچنے کے لیے اپنا ڈرائیونگ لائسنس بروقت حاصل کریں۔ اب لائسنس کا حصول پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس نے شہریوں کی آسانی کیلئے DLIMS ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن سہولیات کو بھی فعال کر رکھا ہے، تاکہ شہری دفتروں کے چکر کاٹے بغیر اپنے لائسنس کے معاملات گھر بیٹھے حل کر سکیں۔سی ٹی اوفرحان اسلم کا کہنا ہے کہ شہری قانونی کاروائیوں سے بچنے کیلئے بروقت اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔آن لائن لائسنسنگ سہولیات کیلئے شہریDLIMSویب سائٹ سے استفادہ کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی