i پاکستان

راولپنڈی ، لیاقت باغ میں جلسے کیلئے تاحال اجازت نہیں دی گئی ،سکیورٹی ہائی الرٹ، دفعہ 144 نافذتازترین

April 08, 2026

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کو آج (بدھ )کو راولپنڈی میں لیاقت باغ میں جلسے کیلئے تاحال اجازت نہیں دی گئی ،شہر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی اور انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔تفصیل کے مطابق راولپنڈی انتظامیہ کی جانب سے آج 9 اپریل کو لیاقت باغ میں جلسے کیلئے اجازت نہیں دی گئی۔ سکیورٹی خدشات کے ساتھ ساتھ مسلسل بارشوں کے باعث لیاقت باغ کے گرائونڈ میں پانی جمع ہے جس کی وجہ سے وہاں کسی بھی قسم کا اجتماع ممکن نہیں دکھائی دیتا۔سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے جڑواں شہروں کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

پولیس کی جانب سے ہوٹلوں اور مسافر خانوں میں ٹھہرے ہوئے مسافروں کی چھان بین کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ دو سری جانب راولپنڈی میں دفعہ 144نافذ ہے۔ اس پابندی کے تحت شہر میں ہر قسم کے جلسے، جلوسوں، ریلیوں اور اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنمائوں اور سرگرم کارکنوں کی گرفتاری کیلئے فہرستیں تمام متعلقہ تھانوں کو فراہم کر دی گئی ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں گرفتاریوں کیلئے روانہ ہو چکی ہیں اور حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی