i پاکستان

راولپنڈی، اڈیالہ روڈ پر ہنگامہ آرائی، عمران خان کی بہنوں کیخلاف مقدمہ درج، خواتین سمیت 400 سے زائد کارکنان نامزدتازترین

April 08, 2026

راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ پر ہنگامہ آرائی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمی اور نورین نیازی کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا ،احتجاج اور جلائو گھیرائو کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ میں خواتین سمیت 400 سے زائد کارکنان نامزد ہیں۔مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمی اور نورین نیازی نامزد ہیں، علاوہ ازیں رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک، صوبائی وزیر کے پی مینا خان آفریدی، شفیع جان، سینیٹر مرزا آفریدی، اقبال خان آفریدی، نعیم پنجوتھہ، تنویر اسلم راجہ، شفقت اعوان بھی مقدمہ میں نامزد ہیں۔دھرنہ میں موجود 41 رہنمائوں کو موقع سے گرفتار کیا گیا، جوابی پتھرا ئوسے 9 پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے جبکہ متعدد پولیس افسر و اہلکاروں کو بھی زخم آئے۔

پولیس نے 13 گاڑیاں قبضہ میں لے لیں دوران تلاشی پٹرول بم بنانے کا سامان، گاڑی نمبر ایل ایل ایف 2819 سے پٹرول کانچ کی بوتلیں، روئی، ڈنڈے اور ماچس بر آمد کی گئی۔ایف آئی آر میں لکھا گیا ملزمان نے سیاسی مقاصد کے لئے منصوبہ بندی سے حکومت پنجاب کو پرتشدد طریقے سے دبائو میں لانے کی کوشش کی، ملزمان نے سرکاری موبائل گاڑی کو بھی توڑ دیا، جبکہ 250 افراد موقع سے فرار ہوئے، علاوہ ازیں احتجاج کی کال علیمہ خان نے دی تھی۔ایف آئی آر میں مزید لکھا گیا کہ ملزمان نے اداروں کیخلاف نعرے بازی کی شاہراہ عام کو بند کرکے نظام زندگی بھی مفلوج کیا۔واضح رہے مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں ریاست کیخلاف بغاوت، دہشتگری، اقدام قتل، مزاحمت سرکار سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی