i پاکستان

ٹرانسپورٹرز نے بھی عوام پر بم گرا دیا، کرایوں میں 65 فیصد تک اضافہ کردیا گیاتازترین

April 03, 2026

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا، پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں 65 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف شہروں کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو اب ایک ہزار سے ڈھائی ہزار روپے تک اضافی کرایہ ادا کرنا ہوگا۔نئے کرایوں کے مطابق لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 3000 روپے سے بڑھا کر 4000 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ لاہور سے پشاور کا کرایہ 3500 سے بڑھ کر 4600 روپے ہوگیا ہے، اسی طرح لاہور سے سرگودھا کا کرایہ 1550 سے بڑھا کر 2550 روپے اور لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 1350 سے بڑھا کر 2350 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔کراچی کیلئے سفر کرنے والے مسافروں کو بھی بڑا جھٹکا لگا ہے، جہاں لاہور سے کراچی کا کرایہ 8600 روپے سے بڑھا کر 12000 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ لاہور سے حیدر آباد کا کرایہ 9200 سے بڑھا کر 13000 روپے ہوگیا ہے۔

اس کے علاوہ دوسرے شہروں کیلئے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق لاہور سے رحیم یار خان کا کرایہ 4250 سے بڑھا کر 5300 روپے، مری کا کرایہ 3300 سے بڑھا کر 4500 روپے اور ملتان کا کرایہ 2800 سے بڑھا کر 3700 روپے کر دیا گیا ہے۔ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ سپیئر پارٹس بھی مہنگے ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، اگر کرایوں میں اضافہ نہ کیا جائے تو گاڑیاں چلانا ممکن نہیں رہے گا اور انہیں گاڑیاں بند کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔ٹرانسپورٹرز نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں گاڑیاں چلانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے، جبکہ دوسری جانب مسافروں نے کرایوں میں اس بڑے اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔صدر پاکستان گڈز الائنس ملک شہزاد نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں ، اس سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ملک شہزاد کا کہنا تھا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہو رہے ہیں، نظر ثانی نہ کی تو پاکستان کی ٹرانسپورٹ رک جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی