i پاکستان

پشاور، ہنگو اور بنوں میں فتنہ الخوارج کے حملے ناکام، کانسٹیبل سمیت 7 افراد زخمیتازترین

February 28, 2026

خیبرپختونخوا کے علاقوں پشاور، ہنگو اور بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دیئے گئے، پشاورمیں رات گئے بزدل دہشت گردوں نے 2 تھانوں اور پولیس چوکی پر حملے کئے جس میں کانسٹیبل سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق تھانہ بڈھ بیر پرنامعلوم ملزموں کی جانب سے ہینڈ گرنیڈ پھینکا گیا، تھانہ متنی پر شدت پسندوں کا حملہ ناکام بنا دیا، تھانہ متنی کی چوکی سرہ خاورہ پر شدت پسندوں کے گرنیڈ حملے میں 6 شہری زخمی ہوگئے۔پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ہنگو میں قاضی تالاب کے مقام پر پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی، پولیس کی جوابی کارروائی پر شدت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔بنوں میں تھانہ ڈومیل کی حدود میں واقع چوکی کاشو پل پرعسکریت پسند عناصر کا حملہ پسپا کردیا گیا، سی سی پی او کے مطابق فائرنگ سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، پولیس الرٹ ہے اور اپنے فرائض پوری جانفشانی سے سرانجام دے رہی ہے۔دو سری جانب اورکزئی میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور آپریشن غضب للحق کی حمایت میں عوامی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے ریلی میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، شرکا نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ریلی میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ریلی کے شرکا نے بھارت کی ایما پر افغان طالبان کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنی خودمختاری، سرحدی سلامتی اور قومی وقار پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، شرکا نے پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت، پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہارکیا۔شرکا کا مزید کہنا تھا کہ اس اجتماع کے ذریعے دشمن کو پاکستان کی قومی یکجہتی اورعزم کا واضح پیغام دیا گیا۔ ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ایک مہینے کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی