پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ملتوی ہونے کے بعد اسلام آباد تا پشاور موٹروے ایم ون دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بحال کردی گئی ، جبکہ جی ٹی روڈ این فائیو اسلام آباد تا پشاور بھی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی۔پشاور موٹروے 23 ستمبر کو پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کے اعلان کے پیش نظر بند کی گئی تھی۔ موٹروے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک بند کی گئی تھی۔اس کے علاوہ موٹروے ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف سے بند کی گئی تھی، جبکہ ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیپ، کھڑپہ، تراپ، داد خیل، کوٹ بیلیاں، عیسی خیل اور کنڈل انٹرچینج بھی بند رکھے گئے تھے۔
جی ٹی روڈ این 5 بھی اٹک خورد کے مقام سے ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی تھی۔پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ 4 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا اعلان کے 3 دن بعد موٹروے ٹریفک کیلئے کھول دی گئی۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 14 پر ہکلہ تا کنڈل سیکشن کی بحالی کا کام تاحال جاری ہے۔اسی طرح موٹروے ایم ون سے ہزارہ موٹروے کو ملانے والے لوپ پر بھی بحالی کا کام جاری ہے۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے ایبٹ آباد جانے والی ٹریفک ایم ون کے ذریعے برہان انٹرچینج سے باہر نکل کر جی ٹی روڈ کے راستے حسن ابدال پہنچ سکتی ہے، جہاں سے جھاری کس انٹرچینج کے ذریعے دوبارہ ہزارہ ایکسپریس وے پر داخل ہوا جاسکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی