پشاور میں پولیس نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے حسن خیل کی پولیس پوسٹ پر حملہ پسپاکردیا جس میں ایک کانسٹیبل شہید ہوگیا۔سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق گزشتہ رات حسن خیل کی پولیس پوسٹ سپین میلہ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، حملے میں پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔میاں سعید نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ پر حملہ آور فرار ہوگئے، جوابی کارروائی میں متعدد دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔سی سی پی او پشاور کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب پشاور کے گنجان آباد علاقے یکہ توت میں بم کی موجودگی کی اطلاع پر ایس ایچ او یکہ توت اور بی ڈی ایس اسکواڈ کی بروقت کارروائی سے بڑا سانحہ ٹل گیا۔ایس پی سٹی پشاور شاہد عدنان اور ایس ایچ او یکہ توت ریاض آفریدی کی نگرانی میں بی ڈی ایس کی ماہر ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 11 کلوگرام وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق یکہ توت کے علاقے حافظ آباد میں واقع بند مکان 5 سے 6 ماہ قبل افغان خاندان کو کرائے پر دیا گیا تھا، تعمیری کام کے لیے مکان کھولنے پر مشکوک پریشر ککر پایا گیا، جسے فوری اطلاع پر کامیاب کارروائی میں ناکارہ بنایا گیا۔مقدمے کے اندراج کے لئے سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت اور موثر کارروائی پر پشاور پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو خصوصی شاباش دی ہے۔آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ گنجان آباد علاقے میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر پشاور پولیس نے درجنوں قیمتی جانیں بچائیں۔ خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردی کے ناسور کے خلاف آہنی دیوار بن کر کھڑی ہے اور عوام کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی