i پاکستان

پشاور، خواتین کالجز میں تقریبات کیلئے سخت ایس او پیز جاری،سختی سے عملدرآمد کی ہدایتتازترین

February 02, 2026

ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے خواتین کالجز میں استقبالیہ، الوداعی تقریبات، اسپورٹس گالا اور دیگر ثقافتی پروگرامز کے انعقاد کے لیے سخت ایس او پیز جاری کر دئیے ہیں، جن پر مستقبل میں سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔جاری مراسلے کے مطابق کسی بھی تقریب کے انعقاد سے قبل متعلقہ کالج انتظامیہ کو پیشگی منظوری لینا لازمی ہو گا، جس کے لئے ڈائریکٹر یا ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن سے اجازت حاصل کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تقریب میں شریک شرکا اور مہمانوں کی مکمل فہرست بھی متعلقہ حکام کو جمع کرانا ہوگی۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ خواتین کالجز میں موسیقی، رقص، ماڈلنگ یا اس نوعیت کی کسی بھی پرفارمنس پر مکمل پابندی ہو گی۔

طالبات کے لیے تقریبات کے دوران کالج یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ڈائریکٹوریٹ ہائر ایجوکیشن کے مطابق کالج اوقات کار اور تقریبات کے دوران خواتین کالجز میں موبائل فونز کے استعمال پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔ اسی طرح کسی بھی تقریب کی ویڈیوز یا تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ طالبات کی حفاظت اور پردہ داری کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی اور نگرانی کے انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ تمام تقریبات کا انعقاد معاشرتی اور ثقافتی اقدار کے مطابق کیا جائے گا۔ڈائریکٹوریٹ ہائر ایجوکیشن نے واضح انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی کالج یا پرنسپل کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی