i پاکستان

پرویزالٰہی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی افواہیں بے بنیاد،من گھڑت ہیں، فیملی ذرائع کی تردیدتازترین

April 07, 2026

سابق وزیراعلی پنجاب اور پی ٹی آئی رہنما چودھری پرویز الٰہی کے خاندانی ذرائع نے انکی پیپلز پارٹی میں ممکنہ شمولیت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ تمام اطلاعات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ میڈیارپورٹ کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے مخالفین اس قسم کی جھوٹی خبریں پھیلا کر پارٹی کے اندر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، انہوں نے واضح کیا کہ چودھری پرویز الہی نہ صرف پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں بلکہ آئندہ بھی پارٹی کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھیں گے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر بغیر تصدیق کے یقین کرنا نقصان دہ ہو سکتا ہے، اس لیے کارکنوں اور عوام کو چاہیے کہ وہ مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے وفادار کارکنان کو چاہیے کہ جہاں کہیں بھی اس قسم کی افواہیں سامنے آئیں، ان کی فوری تردید کریں اور حقیقت کو سامنے لائیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الہی اور ان کے خاندان نے پاکستان تحریک انصاف کے لیے مشکل حالات میں بھی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اور متعدد قربانیاں دی ہیں، ایسے میں ان کے بارے میں اس طرح کی خبریں پھیلانا نہ صرف افسوسناک بلکہ حقیقت کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان افواہوں پر یقین کرنا دراصل ان عناصر کے بیانیے کو تقویت دینا ہے جو پارٹی کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ ذرائع نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارٹی کارکنان متحد رہیں اور کسی بھی قسم کی گمراہ کن معلومات یا پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، اور ایسی افواہیں اسی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی