پولیس نے پیشہ ورانہ پولیسنگ کی عمدہ مثال قائم کرتے ہوئے بصیرپور میں گمشدہ ہونے والی لاکھوں روپے کی رقم کامیابی سے برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کر دی۔ پولیس کے مطابق ریکوری کے دوران بھرپورہ روڑ پر رقم گرنے کی پکار 15 پر موصول ہونے والی اطلاع کے بعد بصیرپور پولیس فوری طور پر متحرک ہوئی اور معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ پولیس ٹیم نے جدید طریقہ تفتیش اور مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا، جس کے نتیجے میں سڑک سے رقم اٹھانے والے شخص کی شناخت ممکن بنائی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 22 لاکھ 70 ہزار روپے کی بھاری رقم چند گھنٹوں میں برآمد کر لی گئی، جسے مکمل قانونی کارروائی کے بعد بحفاظت اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا۔ بروقت کارروائی کے باعث شہری کو بڑے مالی نقصان سے بچا لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اوکاڑہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس احسن اقدام پر شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی