ٹیکس نادہندگان اور جعلسازی کے خلاف پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے کریک ڈائو ن میں کروڑوں روپے کا فراڈ پکڑا گیا ۔ ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی(پی آر اے) کے مطابق اٹھارٹی نے ٹیکس نادہندگان اور جعلسازی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائو ن کرتے ہوئے معروف ریسٹورنٹس، فوڈ چینز اور پراپرٹی ڈویلپرز کے خلاف سخت کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے کا ٹیکس فراڈ پکڑا گیا ہے، یہ کارروائیاں پی آر اے کی لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کی انفورسمنٹ ٹیموں نے انجام دیں۔
ترجمان نے بتایا کہ الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم (ای آئی ایم ایس) کا استعمال نہ کرنے اور ٹیکس گوشواروں میں خوردبرد کرنے پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ گوشواروں میں ردوبدل اور ڈیجیٹل ریکارڈ میں چھیڑ چھاڑ کرنے پر مختلف فوڈ چینز کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ عوام سے وصول کیا گیا ٹیکس ایک سرکاری امانت ہے جس میں کسی قسم کی خیانت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری اور فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی