i پاکستان

پنجاب میں بارشوں اور آندھی کی تباہ کاری، 3 افراد جاں بحق، 17 زخمیتازترین

April 08, 2026

پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی طوفانی بارش اور آندھی نے مختلف شہروں میں جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے ،چھتیں، مکانات اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے جبکہ خیبر پختونخوا میں شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں ایف سی جوان مدد کیلئے پہنچ گئے۔ ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چھتیں، مکانات اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے ہیں۔بھکر میں دو مختلف مقامات پر چھتیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔ تونسہ شریف میں بھی چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کے دوران بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے کے باعث ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ترجمان ریسکیو پنجاب نے بتایا کہ دیگر شہروں میں ڈی جی خان میں ہوٹل کا شیڈ گرنے سے 5 افراد زخمی ہوئے، جبکہ خانیوال اور مظفر گڑھ میں چھتیں گرنے اور پھسلن کے باعث بالترتیب 2، 2 افراد زخمی ہوئے۔

سرگودھا میں دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی اور ایک مویشی ہلاک ہوا، جبکہ چنیوٹ میں بھی ایک شخص زخمی ہوا۔ترجمان ریسکیو کے مطابق تمام شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کر نے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سڑکیں، پل اور مکانات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ باجوڑ اور چترال سمیت دیگر اضلاع میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے، فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ ) کے جوان بارش کے دوران فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں عوامی خدمت کیلئے پہنچ گئے۔فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) کے جوانوں نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور طبی امداد دی، ایف سی نارتھ کے جوانوں نے متاثرہ شہریوں کو کھانے پینے کی اشیا اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کیں۔مقامی آبادی نے ایف سی اہلکاروں کے جذبہ خدمت اور بروقت اقدامات کو سراہا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی