پنجاب میں مون سون کے رنگ، لاہور کے مختلف علاقوں میں ہوائیں چلنے اور بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں میں ملک کے بیشترعلاقوں میں ن آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔۔تفصیل کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں علامہ اقبال ٹائون، وحدت روڈ، مصطفی ٹان، مسلم ٹان اور گردونواح میں بوندا باندی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 28، زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آ ئندہ24گھنٹوں میں بھی لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے بادل برسیں گے، نارووال شہر اور گردونواح میں ہلکی بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائوں نے موسم خوشگوار کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح موسم گرم اور مرطوب موسم رہے گا جبکہ مطلع جزوی ابر آلود ہونے اور شام یا رات کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی گرم اور مرطوب موسم برقرار رہے گا، تاہم چترال، دیر، سوات، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، کرم، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی