پنجاب حکومت نے پاسکو سے ایک ملین میٹرک ٹن گندم خرید نے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے صوبے میں آٹے اور گندم کے نرخ میں استحکام کیلئے پاسکو سے گندم خریدنے کی منظوری دے دی۔صوبے میں آٹے کا نرخ اور ویٹ مارکیٹ کے استحکام کیلئے پاسکو سے گندم خریدی جائے گی، عوام کے لئے سستا آٹا اور روٹی یقینی بنانے کیلئے فلور ملوں کو گندم 3300 روپے فی من فراہم کی جائے گی۔صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ پنجاب کے راستے سندھ سے کسی صوبے کو گندم کی فراہمی روکنے پر پابندی کے شواہد مبنی برحقیقت نہیں، سندھ سے خیبر پختونخوا کو گندم کی فراہمی روکنے کے حوالے سے کوئی شکایت رپورٹ نہیں کی گئی، پنجاب میں گندم کے سٹاک ڈکلیئر کرنے کا عمل جاری ہے، مکمل ڈیٹا تیاری کے مراحل میں ہے۔پنجاب حکومت کے مطابق صوبے میں گندم کی موجودہ فصل کا دانہ نسبتا چھوٹا ہے، صوبے کی غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے سٹاک ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ غذائی ضروریات پوری کرنے کے بعد پنجاب خیبرپختونخوا کو گندم کی فراہمی کا فرض ضرور ادا کرے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی