i پاکستان

پیپر ملبری غیر مقامی درخت ہے کٹائی جائز ہے، وزارت ماحولیات کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریری جوابتازترین

February 11, 2026

وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے پیپر ملبری کو غیر مقامی درخت قرار دیتے ہوئے کٹائی کو جائز قرار دے دیا۔اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی کے کیس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی نے تحریری جواب اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دیا، جس میں وزارت نے کہا یہ غیر مقامی درخت ہے اور اس کی کٹائی جائز ہے۔جسٹس خادم حسین سومرو آج (جمعرات کو) مرکزی کیس کی سماعت کریں گے، جب کہ عدالت نے سی ڈی اے کو اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی سے روک رکھا ہے۔وزارت موسمیاتی تبدیلی نے تحریری جواب میں کہا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ درختوں کی کٹائی صرف پیپر ملبری تک محدود تھی، کچنار، سنبل، چیڑ اور سکھ چین سمیت دیگر انواع کے درختوں کو مارکنگ کر کے محفوظ رکھا گیا، سی ڈی اے نے درختوں کی کٹائی کے بعد متبادل جگہوں پر شجرکاری بھی کی۔

وزارت نے عدالت کو بتایا کہ اس صورت حال میں بھی درختوں کی کٹائی کے لیے پیشگی منظوری ضروری ہے، جب کہ کٹائی کے لیے موجودہ آپریشن بغیر کسی مشاوت کے کیا گیا، اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے عوامی شکایات پر شکرپڑیاں کے علاقے کی فیلڈ انسپکشن بھی کی۔وزارت نے مزید کہا سی ڈی اے درختوں کی کٹائی کے لیے پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی سے منظوری لینے کی پابند ہے، درختوں کی کٹائی کے لیے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ سے بھی مشاورت ضروری ہے، کٹائی کا علم ہوا تو سیکریٹری داخلہ کو خط لکھ کر خدشات اور تشویش سے آگاہ کیا، پاک انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے بھی سی ڈی اے ممبر انوائرنمنٹ کو خط میں جوائنٹ پلاننگ اور مشاورت پر زور دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی