i پاکستان

پی ٹی آئی اراکین سٹی کونسل کی جماعت اسلامی قیادت سے ملاقات، مئیر کراچی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غورتازترین

September 09, 2026

مئیر کراچی مرتضی وہاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے معاملے میں اہم پیشرفت،پی ٹی آئی کے ارکان سٹی کونسل نے چند روز قبل ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کی مقامی قیادت سے اہم ملاقات کی، جس میں میئر کراچی مرتضی وہاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر تبادلہ خیال جبکہ اس سلسلے میں دیگر جماعتوں سے مشاورت پر بھی گفتگو ہوئی۔میڈیارپورٹ کے مطابق سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے میئر کراچی کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور پی ٹی آئی کے ارکان سے ملاقات کی تصدیق کی۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے بتایا کہ 3 سے 4 ماہ میں تحریک عدم اعتماد پر کافی پیشرفت ہوئی ہے، اس کیلئے 125 کے قریب ارکان کے دستخط بھی کیلئے ، پی ٹی آئی کے ارکان سے بات ہوئی ہے وہ مکمل طور پر ہمارے ساتھ ہیں، جماعت اسلامی قیادت جب کہے گی میئر کراچی کے خلاف تحریک عدم اعتماد آ جائے گی اور پی ٹی آئی ساتھ ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مختلف پہلوں کا جائزہ لے رہے ہیں، جماعت اسلامی کے اندر بھی اس حوالے سے مشاورت جاری ہے، ہمارے جے یو آئی ف، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں سے بھی رابطے ہیں، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے ارکان اتنے ہیں کہ آسانی سے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے گی۔سیف الدین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ آج میئر کراچی مرتضی وہاب کے دفتر میں لگنے والی آگ مشکوک ہے اور اس پر تحفظات ہیں، کے ایم سی میں بڑے پیمانے پر پیسوں کی خرد برد اور زمینوں کی بندر بانٹ جاری ہے، آگ کا معاملہ مشکوک ہے اور آزاد تحقیقات ضروری ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی