مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنا ہے تو سیاسی میدان میں آئیں۔معاون خصوصی مشعال اعظم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ 100 کے قریب مقدمات میں ہمارے ساتھیوں کو نامزد کیا گیا ہے، اظہار رائے کی آزادی ہمارے آئین میں ہے لیکن یہاں بات کرنے پرپابندی ہے، آئینی ترامیم کے خلاف پورے ملک میں احتجاج ہو رہا ہے، عمران خان اور بشری بی بی سمیت سینکڑوں کارکنوں کی رہائی کیلئے لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشعال اعظم اور وزیر زادہ پر سیکڑوں مقدمات درج کئے گئے، پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنا ہے تو سیاسی میدان میں آئیں، مجھے وزیراعلی کے احکامات ہیں احتجاج میں شرکت نہ کریں ایسی جگہ رہیں جہاں میڈیا سے رابطہ ہو۔معاون خصوصی مشعال اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ڈی چوک احتجاج کے دوران ہمارے 5 ہزارسے زائد ورکرز گرفتار ہوئے، ہم پر 100 مقدمات درج کیے گئے جن میں سے 32 مقدمات میں دہشتگری کی دفعات شامل کی گئیں، آنے والے ہفتے میں بیشتر کارکنوں کی ضمانتیں ہو جائیں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جہلم اور اٹک جیلوں میں کارکنوں کی فیملیز کو ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی، ریسکیو اہلکاروں کی رہائی کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے، ریسکیو اہلکار وزیراعلی کی آفیشل ڈیوٹی پر تھے گرفتاری سمجھ سے بالاتر ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی