مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اقتدارمیں آ کر متنازعہ غیرآئینی ترامیم کا خاتمہ کرے گی۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت نے رات کی تاریکی میں سپریم کورٹ پر شب خون مارا، ترامیم کا طریقہ کار خود چیخ کر بتا رہا ہے کہ آئین کے پیٹ میں چھرا گھونپ دیا گیا، جلد بازی میں ترامیم کا مقصد سپریم کورٹ کے فیصلے کے اطلاق سے بچنا ہے۔انہوں نے کہا کہ متنازعہ ترامیم کے بعد پی ٹی آئی کی جدوجہد مزید تیز ہوگی، متنازعہ وغیر آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ ڈالنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، غیرآئینی ترامیم کا ساتھ دینے والے عوامی انتقام سے بچ نہیں سکیں گے۔صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے بے وفائی کرنے والوں کا انجام پچھلے الیکشن میں سب نے دیکھا، وکلا برادری سے غیر آئینی ترامیم کے خلاف فیصلہ کن معرکے کی اپیل ہے، وکلا پی ٹی آئی سے ملکر متنازعہ غیرآئینی ترامیم اپنے انجام کو پہنچائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی