i پاکستان

پی آئی اے کے بقیہ 25 فیصد حصص خریدیں گے، عارف حبیب کنسورشیمتازترین

February 17, 2026

عارف حبیب گروپ کنسورشیم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)کے باقی 25 فیصد حکومتی حصص خریدنے سے متعلق حکومت کو آگاہ کردیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عارف حبیب کنسورشیم 25 فیصد حصص کیلئے حکومت کو 45ارب روپے ادا کرے گا، جس کے بعد اسے قومی ایئرلائن کی مکمل ملکیت حاصل ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق عارف حبیب کنسورشیم پی آئی اے کا مکمل انتظامی کنٹرول سنبھالنے کا خواہش مند ہے،بقیہ 25فیصد حصص کی فروخت کنسورشیم کے ساتھ معاہدوں کی پاسداری سے مشروط ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کی انتظامیہ میں تبدیلیاں اپریل کے آخر تک متوقع ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135ارب روپے کے عوض 75 فیصد حصص حاصل کیے تھے۔ جنوری میں طے پانے والے معاہدے کے تحت رقوم کی منتقلی کے لیے 12 ماہ کی مدت رکھی گئی ہے، جس سے اسے قابلِ عمل قرار دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پی آئی اے کی بولی جیتنے والے کنسورشیم میں فاطمہ فرٹیلائزر ( 34.1 فیصد )، فوجی فرٹیلائزر ( 33.9 فیصد)، لیک سٹی ( 16 فیصد ) ، اور اے کے ڈی گروپ( 16 فیصد) شامل ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی