پاکستان ورکرزفیڈریشن (رجسٹرڈ) مزدوروں کی حقیقی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد مزدوروں کی فلاح و بہبوداور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے اور مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،پاکستان ورکرزفیڈریشن قومی صنعتی تعلقات کمیشن سے قانونی طور پر رجسٹرڈ ہے اور اسکا ملکی سطح پر کسی فیڈریشن میں ادغام سے کوئی تعلق نہیں ہے،ان خیالات کا اظہار پی ڈبلیو ایف کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،چیئرمین عبدالرحمان عاصی،صدرشوکت علی انجم و دیگر مرکزی عہدیداران نے مشترکہ بیان میں کیا،انھوں نے کہا کہ کچھ مفادپرست اور نام نہاد لوگ پاکستان ورکرزفیڈریشن کا نام غیر قانونی طور پر استعمال کر رہے ہیں اور قومی اور بین الاقوامی اداروں کو گمراہ کررہے ہیں،ان غیر قانونی اور غیر نمائندہ لوگوں کا پاکستان ورکرزفیڈریشن کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور اس ٹولے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی جو قومی قوانین اورعدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں،ان مفادپرستوں کامقصد مزدوروں کے نام کو نقصان پہنچاناہے،انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں غربت،بے روزگاری روزبروزبڑھ رہی ہے جس سے مزدوروں کا جینامحال ہوگیا ہے،غیر رسمی شعبے کے مزدورآج بھی قانونی تحفظ اور سہولیات ومراعات سے محروم ہیں،کم ازکم اجرت کے قانون پر عمل درآمد نہیں ہورہا،ان تمام مسائل پر پاکستان ورکرزفیڈریشن اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،اس موقع پر انھوں نے وزیر اعظم پاکستان،وفاقی وزیر برائے انسانی وسائل و سمندرپارپاکستانیز،وفاقی سیکرٹری سمیت تمام اداروں سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں،سہ فریقی لیبرکانفرنس کا انعقادکیا جائے تاکہ مسائل کو حل کیا جائے،غیر نمائندہ اور غیرقانونی لوگوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے اور مشاورت کے عمل کو نمائندہ لوگوں کے ساتھ ممکن بنایا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی