i پاکستان

پاکستان و کینیڈا میں سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات کا آغازتازترین

June 17, 2026

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان سرمایہ کاری معاہدے پر اٹاو ا میں مذاکرات کا آغاز ہو گیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت پاکستان کے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری ذوالفقار علی کررہے ہیں۔ وفد میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی امور سے متعلق مختلف اداروں کے سینئر حکام شامل ہیں۔اس موقع پر کینیڈا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا ایک معیاری اور موثر سرمایہ کاری نظام کے قیام کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور شفاف تنازعاتی حل کے نظام کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں جو ملک کے وسیع تر اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گلوبل افیئرز کینیڈا کے جنوبی ایشیا بیورو کے ڈائریکٹر جنرل جین کرسچین بریلانٹ نے پاکستانی وفد کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ مذاکرات تعمیری اور نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مجوزہ فارن انویسٹمنٹ پروٹیکشن اینڈ پروموشن ایگریمنٹ (ایف آئی پی پی اے ) اور دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات ہورہے ہیں ۔ مذاکرات کا گزشتہ دور اکتوبر 2025 میں اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی