i پاکستان

پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے ایران کو حوثی باغیوں کو لگام دینے کا پیغام پہنچایا ہے،برطانوی میڈیا کا دعویتازترین

September 10, 2026

برطانوی میڈیا کے دعوی کیا ہے کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے بعد پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے ایران کو ایک انتباہی پیغام پہنچایا ہے کہ وہ اپنے یمنی حوثی اتحادیوں کو کنٹرول کرے۔برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے دفاعی معاہدے کی وجہ سے ایران کو دیا گیا پاکستان کا یہ انتباہ خاصی اہمیت کا حامل ہے۔ رائٹرز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ کوئی بھی فوجی کردار صرف سعودی حدود کے دفاع تک محدود رہے گا۔ذرائع کے مطابق ایران کو دیا گیا پیغام واضح ہے کہ یا تو وہ حوثیوں کو لگام دے یا ایک پراکسی تنازع کو وسیع تر علاقائی سکیورٹی بحران میں تبدیل کرنے کا خطرہ مول لے۔ رائٹرز کے مطابق ایک سینیئر علاقائی سفارتکار نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران کو یہ پیغام پہنچایا ہے جس میں ایران پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے رکوانے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

خبررساں ایجنسی نے کہا کہ ایک پاکستانی ذریعے نے بتایا کہ ریاض میں سعودی حکام نے سینیئر پاکستانی اور ترک فوجی نمائندوں سے ملاقات کر کے اپنے ردعمل کو مربوط بنانے پر غور کیا ہے اور تینوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ان کی فوجیں یمن میں داخل نہیں ہوں گی اور کسی بھی قسم کا جوابی عمل سعودی حدود سے ہی دیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق ایک اور پاکستانی ذریعے نے کہا کہ جوابی حملوں میں شامل ہونے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ان کا فوجی معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور سعودی سرزمین کی حفاظت تک محدود ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فورسز سعودی عرب کے اندر فوجی، تکنیکی، زمینی یا فضائی مدد فراہم کر سکتی ہیں لیکن غیر ملکی سرزمین پر جنگی کارروائیوں میں حصہ نہیں لیں گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی