وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک یا معاشرے کی پائیدار اور ہمہ جہت ترقی کا دارومدار جدید اور منظم انفراسٹرکچر خصوصاً سڑکوں کے مضبوط نظام پر مبنی ہوتا ہے جبکہ نفرت، انتشار اور گالی گلوچ کی سیاست کرنیوالے عناصر نہ صرف خود ناکام ہوتے ہیں بلکہ معاشرے کو بھی پیچھے دھکیلنے کا سبب بنتے ہیں۔انہوں نے فیصل آباد اپنے حلقہ میں سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے ایک بڑے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ترقیاتی منصوبے اکثر محدود پیمانے پر کیے جاتے رہے، کہیں ایک کلومیٹر سڑک بن گئی، کہیں دو یا تین کلومیٹر، لیکن اس طرح کے غیر مربوط منصوبے عوامی ضروریات کو مکمل طور پر پورا نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ اب حکومت کی حکمت عملی یہ ہے کہ پورے حلقے کو ایک جامع اور مربوط سڑکوں کے جال سے منسلک کیا جائے تاکہ ہر گاؤں کے رہائشیوں کو یکساں سہولیات میسر آئیں اور وہ باآسانی شہروں تک رسائی حاصل کر سکیں۔سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ دنیا کی ترقی کی رفتار ہمیشہ ذرائع آمدورفت سے جڑی رہی ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب دنیا گھوڑوں، خچروں اور اونٹوں پر سفر کرتی تھی تو ترقی کی رفتار بھی محدود تھی، لیکن آج جب دنیا ہوائی جہازوں کے ذریعے سفر کر رہی ہے تو ترقی کی رفتار بھی اسی قدر تیز ہو چکی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سڑکوں کے بغیر ترقی کا تصور بھی ممکن نہیں اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت اس شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 30 کلومیٹر طویل ایک اہم سڑک تعمیر کی جا رہی ہے جو مختلف چکوں اور دیہات کو آپس میں ملاتے ہوئے مرکزی شاہراہوں سے منسلک کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ تقریباً 85 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے اور اس کی کارپٹنگ میں اعلیٰ معیار کامیٹریل استعمال کیا جائے گا تاکہ سڑک کم از کم آئندہ 10 برس تک بہترین حالت میں رہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سڑک کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ یا تو دیہات کے اندر سے گزرے گی یا ان کے قریب سے جبکہ باقی ماندہ دیہات کو لنک روڈز کے ذریعے اس شاہراہ سے جوڑا جائے گا جس سے پورے حلقے میں آمدورفت کا نظام یکساں طور پر بہتر ہو جائے گا۔
رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ خدمت اور ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ملک میں جتنے بھی بڑے ترقیاتی منصوبے نظر آتے ہیں، خواہ وہ ہسپتال ہوں، یونیورسٹیاں، فلائی اوورز، انڈر پاسز یا موٹرویز، ان کا سہرا اسی جماعت کی قیادت کے سر جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین نے اپنے دور اقتدار میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوئی نمایاں کام نہیں کیا اور صرف الزام تراشی، جھوٹے پروپیگنڈے اور عوام کو آپس میں لڑانے کی سیاست کو فروغ دیا۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ جو لوگ خدمت کے جذبے سے عاری ہوتے ہیں وہ نفرت، گالی گلوچ اور انتشار کو ہوا دیتے ہیں تاکہ اپنی ناکامیوں کو چھپا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ نفرت کی سیاست کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوتے اور آخرکار عوام کے سامنے بے نقاب ہو جاتے ہیں۔انہوں نے امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور عوام کو پہلے کی نسبت زیادہ محفوظ ماحول میسر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ڈکیتیوں اور جرائم کے واقعات نے عوام کو خوفزدہ کر رکھا تھا لیکن اب صورتحال کافی حد تک بہتر ہو چکی ہے اور حکومت مزید بہتری کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب وہ علاقے بھی اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں جہاں ماضی میں صفائی کا کوئی موثر نظام موجود نہیں تھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آنے والے دنوں میں اس پروگرام کے مزید مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ زرعی شعبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے جن میں گرین ٹریکٹر سکیم، بلاسود قرضوں کی فراہمی اور جدید زرعی مشینری کی تقسیم شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ عالمی سطح پر مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باعث کسانوں اور عام آدمی کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم حکومت ان مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور حالات بتدریج بہتر ہوں گے۔ رانا ثناء اللہ خاں نے عالمی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج دنیا میں عزت و وقار کے مقام پر کھڑا ہے اور بڑی طاقتیں بھی پاکستان کا احترام کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے ممالک کے درمیان اختلافات کے باوجود پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس پر سب کا اتفاق ہے اور جس کی قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عزت اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے اور اس کے حصول میں قوم کی دعائیں، اعتماد اور قیادت کی نیک نیتی شامل ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا اور ایک ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابھرے گا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ منفی پروپیگنڈے سے بچیں، اپنی سوچ کو مثبت رکھیں، اتحاد کا مظاہرہ کریں اور ملک کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ قومی یکجہتی ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی