i پاکستان

پاکستان میں صرف بیوروکریسی احتساب سے محفوظ اور ناقابلِ گرفت رہی،خواجہ آصفتازترین

August 31, 2026

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں صرف بیورو کریسی احتساب سے محفوظ اور ناقابلِ گرفت رہی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں حکمران اشرافیہ کے ہر طبقے کو اپنے اقدامات کی قیمت چکانا پڑی، کرپشن اور بدانتظامی سمیت مختلف الزامات پر حکمران اشرافیہ کے خلاف کارروائیاں ہوئیں، صرف بیوروکریسی احتساب سے محفوظ اور ناقابلِ گرفت رہی۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانیوں کو شاید ہی احساس ہو کہ ملک پر بیوروکریٹس بھی حکمرانی کرتے رہے ہیں، سابق گورنرجنرل غلام محمد بیوروکریٹ تھے، سابق وزیراعظم محمد علی بھی بیوروکریٹ تھے، سابق صدور سکندر مرزا اور غلام اسحاق خان بھی بیوروکریٹس تھے، یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہوا جب بظاہر اقتدار سیاستدانوں کے پاس تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ بیوروکریٹس کو کوئی مورد الزام نہیں ٹھہراتا، سیاستدانوں کی نااہلی اور باہمی اختلافات نے بیوروکریسی کو جگہ فراہم کی، سیاستدان اپنی اصلاح کریں تو بیوروکریسی میں بھی خود بخود اصلاح اور احتساب آئے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی