پاکستان نے ہانگ کانگ کے تاجروں کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہپاکستان میں فن ٹیک اسٹارٹ اپس کو وینچر کیپیٹل سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، سی پیک سے گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان میں روزگار کے نمایاں مواقع پیدا ہوئے ، نیشنل پاور گرڈ میں 8,000 میگاواٹ کا اضافہ ہوا ، 800 کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک اور ٹرانسمیشن لائنیں تعمیر کی گئی ہیں ، سی پیک کا اگلا مرحلہ ترقی، جدت طرازی اور شمولیت پر توجہ مرکوز کرنے والی کثیر الجہتی راہداری میں تبدیل ہوگا۔ گوادر پرو کے مطابق چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے ہانگ کانگ میں ہونے والی نویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ہانگ کانگ کے کاروباری افراد کو بی آر آئی منصوبوں کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ سمٹ میں بین الاقوامی رہنماں، کاروباری نمائندوں اور صنعت کے ماہرین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی)کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا اور ہانگ کانگ کی منفرد طاقت سے فائدہ اٹھانے میں عالمی شراکت داری اور پائیدار ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان کے معاشی منظر نامے کو کس طرح تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس منصوبے سے روزگار کے نمایاں مواقع پیدا ہوئے ہیں اور نیشنل پاور گرڈ میں 8,000 میگاواٹ کا اضافہ ہوا ہے جبکہ 800 کلومیٹر سڑکوں کے نیٹ ورک اور ٹرانسمیشن لائنیں تیار کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کا اگلا مرحلہ ترقی، جدت طرازی اور شمولیت پر توجہ مرکوز کرنے والی کثیر الجہتی راہداری میں تبدیل ہوگا، جو پاکستان کی "5 ای ایس" حکمت عملی کے مطابق ہوگا، جس کا مرکز برآمدات، ڈیجیٹل تبدیلی، موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور ایکویٹی ہے۔گوادر پرو کے مطابق سفیر پاکستان نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے آئی ٹی سیکٹر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور سیلولر کنکشنز کی وجہ سے اس کی تیزی سے توسیع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا فن ٹیک سیکٹر اگرچہ نوزائیدہ ہے لیکن اس میں ہانگ کانگ کی فرموں کے لیے ڈیجیٹل بینکنگ پلیٹ فارمز اور بلاک چین سلوشنز متعارف کرانے کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ جدید مالیاتی حل کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن پاکستان میں فن ٹیک اسٹارٹ اپس کو وینچر کیپیٹل سرمایہ کاری کی ضرورت ہے جو ہانگ کانگ فراہم کرنے کی اچھی پوزیشن میں ہے۔گوادر پرو کے مطابق سفیر نے 2030 تک پاکستان کی 30 فیصد توانائی قابل تجدید توانائی سے حاصل کرنے کے عزم پر بھی زور دیا۔ انہوں نے پن بجلی، شمسی توانائی اور ہوا میں ناقابل استعمال صلاحیت کی نشاندہی کی اور ہانگ کانگ کے مالیاتی اداروں کو گرین انرجی منصوبوں میں تعاون کی دعوت دی۔ انہوں نے سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیڈز)کو ہانگ کانگ کے کاروباری اداروں کے لئے پرکشش مقامات کے طور پر بھی ذکر کیا تاکہ خاص طور پر مینوفیکچرنگ اور لاجسٹکس میں سرمایہ کاری کے ابتدائی مواقع تلاش کیے جاسکیں ۔ ہانگ کانگ میں قیام کے دوران سفیر نے ہانگ کانگ کی قیادت اور میڈیا سے بھی بات چیت کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی