سیکٹری جنرل یونائٹڈ بزنس گروپ اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے ممبر بورڈ آف گورنرز ظفر بختاوری نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور کا دورہ کیا ،مشیر صحت پنجاب زاہد بختاوری، صدر سٹیزن فورم اسلام اباد عابد بختاوری اور ان کے خاندان کے افراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے تحریک پاکستان کی تصویری گیلری" اور "ڈاکٹر نذیر قیصر لائبریری" کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے قائد اعظم محمد علی جنا ح، علامہ اقبال سمیت تحریک پاکستان کے دوران قربانیاں پیش کرنے والے عظیم قائدین اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا اور نئی نسل کو پاکستان کے حصول کے لیے پیش کی گئی قربانیوں سے اگاہی دلانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تحریک پاکستان کے محافظ ادارے نظریہ پاکستان کا دورہ کر کے انہیں دلی خوشی ہوئی پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے حوالے سے اس ادارے کا کردار ناقابل فراموش ہے پاکستان اور قیام پاکستان کے دوران پیش کی گئی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ادارہ نظریہ پاکستان کی کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو پاکستان کے حصول کے لیے پیش کی گئی قربانیوں اس کے نظریے اور اس سوچ سے اگاہ کرنے کی ضرورت ہے جس کے لیے ہمارے بزرگوں نے دن رات ایک کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو اور نظریہ پاکستان کو زیادہ سے زیادہ پڑھانے کی ضرورت ہے ۔قومی اور ریاستی سطح پر پاکستان کے نظریے کی جتنی ترویج کی جائے گی نوجوان نسل قیام پاکستان کے مقاصد سے اتنی ہی زیادہ اگاہ ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور اپنی انفرادیت کو قائم رکھنے کے لیے بھی نظریہ پاکستان کی ترویج ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس حوالے سے وسائل مہیا کرنے سمیت ہر سطح کا تعاون فراہم کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت امریکہ ،برطانیہ ،ڈنمارک،ناروے سمیت دیگر ممالک میں نظریہ پاکستان سے جڑی شخصیات کو بطور کلچرل اتاشی تعینات کرے
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی