i پاکستان

پاکستان کا ایتھوپیا اور افریقہ کے انفلوئنسرز کیلئے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کرنے کااعلانتازترین

July 01, 2026

پاکستان نے ایتھوپیا اور افریقہ کے انفلوئنسرز کے لئے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم کے مشیر و معاون خصوصی برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنا حکومت کی ترجیح ہے، پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز جلد ایتھوپیا کا دورہ کریں گے، جب کہ ایتھوپیا اور افریقہ کے انفلوئنسرز کو پاکستان کے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کیے جائیں گے، جن کے اخراجات پاکستان برداشت کرے گا۔ سردار یاسر الیاس نے کہا ہے کہ ہم نے دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر تبدیل کرنا ہے، پنجاب حکومت سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم کام کر رہی ہے۔اس سلسلے میں تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانے نے کیا، سردار یاسر الیاس کا کہنا تھا کہ ایتھوپین ایئر لائنز نے پاکستان اور افریقہ کے درمیان فضائی رابطے کا خلا پر کیا ہے

آئندہ ماہ بین المذاہب ہم آہنگی پر ایک بڑی تقریب کا انعقاد کر رہے ہیں، ہمیں سیاحت کے ذریعہ تجارت کو فروغ دینا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے ایتھوپیا کو لینڈ آف اوریجنز اور افریقہ میں تیزی سے ابھرتی ہوئی سیاحتی منزل قرار دیا، اور کہا ایتھوپین دارالحکومت ادیس ابابا افریقہ کا تیسرا بڑا سفارتی مرکز ہے۔قبل ازیں ایڈیشنل سیکریٹری افریقہ، وزارت خارجہ حامد اصغر خان نے مطلع کیا کہ پورے افریقہ میں صرف ایتھوپین ایئرلائنز پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں رکھتی ہے، ایتھوپیا میں سیاحت کے ساتھ ساتھ تاریخ و مذہبی سیاحت بھی موجود ہے، انھوں نے کہا ادیس ابابا کو روشنیوں کا شہر کہا جاتا ہے۔تقریب میں مہمانوں نے خصوصی طور پر ایتھوپیا کا روایتی کیک بھی کاٹا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی