ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان برادر ملک اور ایرانیوں کا دوسرا گھر ہے جب کہ اس کی خطے میں امن کے لئے مخلصانہ کوششیں قابل تعریف ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق تہران میں پاکستان کے نئے سفیر عمران احمد صدیقی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی جہاں انہوں نے اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔اس موقع پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے تمام دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر زور دیتے ہوئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کو برادر ملک اور تمام ایرانیوں کا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران، اسلام آباد کے ساتھ اپنے تعلقات کو غیرمعمولی اہمیت دیتا ہے۔تہران میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق ایرانی صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے امن کے قیام کے لئے اپنے مخلصانہ عزم کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔اس موقع پر سفیر عمران احمد صدیقی نے پاکستان کی قیادت کی جانب سے صدر پزشکیان اور ایرانی عوام کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کو مضبوط بنانے کیلئے ایران کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ سفارت خانے کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے سفیر عمران احمد صدیقی کو ایران میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں انجام دینے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی