i پاکستان

پاکستان 2027 میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے بورڈز آف گورنرز کی سربراہی کریگاتازترین

October 16, 2026

وفاقی وزارت اقتصادی امور نے کہا ہے کہ پاکستان 2027 میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے بورڈز آف گورنرز کی سربراہی کرے گا، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کو 2027 کے لیے دونوں اداروں کے بورڈز آف گورنرز کا آئندہ چیئرمین نامزد کر دیا گیا۔وزارت اقتصادی امور کے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ اعلان بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے پلینری سیشن میں کیا گیا،پاکستان 1953 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے بورڈز آف گورنرز کی سربراہی کرے گا، پاکستان کی چیئرمین شپ عالمی اقتصادی و ترقیاتی امور پر موثر کردار ادا کرنے کا اہم موقع ہے، وفاقی وزیر احد چیمہ کو ورلڈ بینک گروپ کے کارپوریٹ سیکریٹریٹ نے چیئرمین شپ کی ذمہ داریوں پر بریفنگ دی۔ اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر احد چیمہ نے ڈبلیو بی جی کی نائب صدر اور کارپوریٹ سیکریٹری ارادھانا کمار کپور سے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں پاکستان کی مدتِ سربراہی کے دوران ادارہ جاتی معاونت اور رابطہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا، احد خان چیمہ کی سبکدوش ہونے والے چیئرمین کارلوس کاروالو اسپالڈنگ سے بھی ملاقات ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کارلوس اسپالڈنگ کو کامیابی سے مدتِ عہدہ مکمل کرنے پر مبارک باد دی، دونوں رہنمائوں نے چیئرمین شپ کی ذمہ داریوں اور آئندہ سال کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔احد چیمہ نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر ممالک کی آواز موثر بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا، ترقیاتی مالی وسائل کی مثر اور قابلِ پیش گوئی فراہمی پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان کثیرالجہتی ترقیاتی اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کے عزم پر قائم ہے، پاکستان پائیدار اور جامع ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری متحرک کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان موثر کثیرالجہتی ترقیاتی و مالیاتی نظام کیلئے ورلڈ بینک گروپ، آئی ایم ایف اور رکن ممالک کے ساتھ کام کرے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی