روس میں پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے کہا ہے کہ پاکستان روس تجارتی و سرمایہ کاری فورم کے انعقاد سے پاکستان اور روس کے باہمی تجارتی مواقع میں اضافہ ہو گا، پاک روس تجارت کے فروغ سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے نے منگل کے روز پاکستان روس تجارتی و سرمایہ کاری فورم کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاک روس تجارتی رابطوں کے فروغ سے پاکستانی برآمد کنندگان کو روسی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہوگا اور پاکستانی مصنوعات کی روس میں کھپت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاک روس دوستی کی 76سالہ تاریخ میں تجارتی وفود کی پہلی مرتبہ بزنس فورم میں شرکت خوش آئند ہے۔ فورم میں روس کی کاروباری و تاجر برادری کی کثیر تعداد میں شرکت باعث افتخار ہے۔ پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے مزید کہا کہ زراعت اور توانائی سمیت دیگر مختلف شعبوں میں پاک روس شراکت داری اور باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ پاک روس باہمی تجارت کے فروغ سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ انہوںنے پاک روس بزنس فورم کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورم کے انعقاد سے دونوں ممالک کے تجارتی و سرمایہ کاری کے روابط میں اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان بھی موجود تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی