وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاسوں میں شرکت کیلئے امریکا روانہ ہو گئے۔وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق ورلڈ بینک گروپ اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے اجلاس 13 سے 18 اپریل تک واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوں گے۔وزیر خزانہ ان اجلاسوں سے قبل بوسٹن کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستان کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر محمد اورنگزیب ماہرین، پالیسی سازوں اور پاکستانی کمیونٹی سے مل کر معیشت، اصلاحاتی اقدامات اور ترقی کے امکانات پر اظہار خیال کریں گے۔دورے کے دوران وزیر خزانہ عالمی مالیاتی اداروں کے اہم اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔اس موقع پر وہ عالمی مالیاتی رہنماں اور ترقیاتی شراکت داروں سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر اور دیگر اعلی قیادت شامل ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی