اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔نیویارک میں وزیراعظم کے دورے کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورت حال پر پاکستان کا مقف پیش کریں گے اور تنازعات کے پرامن حل، مکالمے، سفارت کاری اور تحمل کی ضرورت پر زور دیں گے۔عاصم افتخار احمد نے کہا کہ وزیراعظم اپنے خطاب میں پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی، اسلاموفوبیا، عالمی اقتصادی چیلنجز، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور پائیدار ترقی کے اہداف سمیت اہم عالمی معاملات پر پاکستان کی ترجیحات بھی اجاگر کریں گے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت طویل قبضے اور حق خودارادیت سے متعلق مسائل پر بھی عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائے گا اور متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کے حل پر زور دے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جنرل اسمبلی کے موقع پر عالمی رہنمائوں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بھی متعدد دوطرفہ اور کثیرالجہتی ملاقاتیں ہوں گی۔عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ 23 ستمبر کو مصنوعی ذہانت اور سلامتی سے متعلق سلامتی کونسل کے اعلی سطح کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، پاکستان اقوام متحدہ کے اعلی سطح کے ہفتے کو علاقائی امن و استحکام، کثیرالجہتی نظام کے فروغ اور عالمی تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی