وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واشنگٹن میں منعقدہ بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کیلئے آئے عالمی رہنماو ں سے غیر رسمی و خوشگوار ملاقاتیں کیں۔وزیرِاعظم کی بحرین کے فرمانروا شاہ حماد بن عیسی الخلیفہ، آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف، ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔وزیراعظم کی جانب سے عالمی رہنمائو ں کے ساتھ ملاقاتوں میں اہم عالمی و علاقائی امور پر گفتگو ہوئی، ملاقاتوں میں مسکراہٹوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کی دعوت پر بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کیلئے موجود ہیں۔ دریں اثنا وزیرِ اعظم اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن بینجمن بلیک کی ملاقات ہوئی جس میں ڈی ایف سی کے اسٹریٹجک اقدامات، ترجیحات اور پاکستان میں متوقع پراجیکٹس کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے یونائیٹڈ اسٹیٹس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے سی ای او بینجمن بلیک نے واشنگٹن میں ملاقات کی۔ ان کے ساتھ ڈی ایف سی کے سرمایہ کاری کے سربراہ کونر کولمین اور ایجنسی کی سینئر قیادت بھی موجود تھی۔وزیر اعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی معاشی شراکت داری کے فروغ اور دونوں ممالک کے نجی اداروں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو متحرک کرنے میں ڈی ایف سی کے کلیدی کردار کی تعریف کی، جو کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیلئے ضروری ہے۔
پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے والے میکرو اکنامک بنیادی اصولوں، ساختی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ماحول کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے ڈی ایف سی کو دعوت دی کہ وہ توانائی، کان کنی و معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں منصوبوں کے لیے اپنی فنانسنگ میں اضافہ کرے۔انہوں نے ڈی ایف سی کے 1 ارب ڈالر سے زیادہ کے پورٹ فولیو کو سراہا اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترجیحات کے درمیان ہم آہنگی پر روشنی ڈالی جو کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند مواقع ہیں۔وزیراعظم نے ڈی ایف سی کو اپریل میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی آئندہ معدنیات کانفرنس میں شرکت کی بھی دعوت دی۔بینجمن بلیک نے وزیراعظم کو ڈی ایف سی کے اسٹریٹجک اقدامات، ترجیحات اور پاکستان میں متوقع پراجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان میں ڈی ایف سی کی سرمایہ کاری میں اضافے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایف سی شراکت دار ممالک میں اقتصادی ترقی کی حمایت کیلئے تیار ہے۔وزیر اعظم نے بنجمن بلیک کو پاکستان میں مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں باہمی طور پر مفید سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی