وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے ہدایت دی ہے کہ شبِ برات کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔تفصیل کے مطابق تمام اضلاع کے ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو مساجد،امام بارگاہوں، مزارات اور درگاہوں پر خصوصی سیکیورٹی اقدامات کا حکم دیا گیا ہے۔وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ مذہبی اجتماعات، محافلِ شبِ برات اور کھلے مقامات پر اضافی نفری اور موبائل گشت بڑھایا جائے۔ ممکنہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر اسنیپ چیکنگ، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔وزیر داخلہ سندھ نے یہ بھی کہا کہ مزارات اور درگاہوں پر آنے والے زائرین کی سہولت اور سیکیورٹیکیلئے خصوصی پلان مرتب کیا جائے۔
ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ کھلے میدانوں اور قبرستانوں میں ہونے والی عبادات کے دوران بھی موثر سیکیورٹی فراہم کی جائے اور پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مکمل رابطہ اور کوآرڈی نیشن برقرار رکھا جائے۔وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ کنٹرول رومز کو شبِ برات کے دوران 24 گھنٹے فعال رکھا جائے۔کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری ردعمل اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور ٹریفک پولیس کو مذہبی مقامات اور بڑے اجتماعات کے اطراف ٹریفک مینجمنٹ پلان نافذالعمل کیا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی