i پاکستان

ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد 169 تک جا پہنچی‘142 متاثرین میڈیکل بورڈ میں رجسٹرڈتازترین

September 26, 2026

ولیکا اسپتال میں بچوں میں ایچ آئی وی سے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسپتال سے منسلک ایچ آئی وی متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر 169 تک جا پہنچی ہے۔ متاثرین کی رجسٹریشن، مالی معاونت اور دیگر معاملات کے لیے اسپتال میں اب تک پانچ میڈیکل بورڈز تشکیل دیے جاچکے ہیں، جبکہ 142 متاثرین میڈیکل بورڈ میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں اور خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات کے تحت اب تک 109 متاثرین کے بینک اکانٹس بھی کھولے جاچکے ہیں جبکہ انڈومنٹ فنڈ کے تحت 76 متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی شروع کردی گئی ہے اور ان خاندانوں کو دو ماہ کی رقم منتقل کی جاچکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید 34 متاثرہ خاندان تاحال مالی معاونت کے منتظر ہیں۔ ان خاندانوں کو رقم کی منتقلی میں دستاویزات نامکمل ہونے اور بے نظیر کارڈ سے متعلق مسائل رکاوٹ بن رہے ہیں، جس کے باعث متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔

ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کا معاملہ گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل سامنے آرہا ہے۔ ابتدائی طور پر سرکاری سطح پر متاثرہ بچوں کی تعداد 78 بتائی گئی تھی۔ بعد ازاں مزید بچوں کی اسکریننگ اور ٹیسٹ کے نتیجے میں متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ رپورٹ ہوا۔ایچ آئی وی سے اب تک نو متاثرہ بچوں کی اموات کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ تاہم، اسپتال کے اپنے ریکارڈ میں صرف دو اموات درج ہیں، جس کے باعث اموات کے اعداد و شمار میں بھی واضح فرق موجود ہے۔ جاں بحق ہونے والے متاثرین کے خاندانوں کو تاحال انڈومنٹ فنڈ سے کسی قسم کی مالی معاونت فراہم نہیں کی گئی۔ذرائع کے مطابق جاں بحق متاثرین کے خاندانوں کو بھی مالی معاونت فراہم کرنے کا معاملہ آئندہ اجلاس میں زیر غور آنے کا امکان ہے جس میں متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی رقم اور طریقہ کار سے متعلق فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی