i پاکستان

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سعودی وزیر خزانہ سے ملاقات، دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاقتازترین

April 11, 2026

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ سے ملاقات میں دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، سعودی عرب نے پاکستان کو مکمل مالی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ پاکستان نے سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر قرض میں توسیع کی درخواست کردی ۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ہفتہ کو سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کو ان کے دور ہ پاکستان کے اختتام پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔اس موقع پر دونوں رہنمائو ں کے درمیان خوشگوار ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات اور معاشی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ وہ آئندہ ورلڈ بینک و آئی ایم ایف بہاری اجلاس کے موقع پر واشنگٹن میں محمد بن عبداللہ الجدعان سے دوبارہ ملاقات کریں گے، جو دونوں برادر ممالک کے قریبی اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے سعودی وزیر خزانہ کے دورے کے حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کو مکمل مالی تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

مشکل معاشی صورتحال میں مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سعودی وزیرخزانہ کی دورہ پاکستان کے دوران اعلی سطح ملاقاتوں میں قرض، ادھار تیل کی سہولت اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے علاوہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔ سعودی عرب نے پاکستان کو مکمل مالی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرا دی۔ وزارت خزانہ کے مطابق سعودی وزیرخزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کے دورہ پاکستان میں سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر قرض اور آئل فنانسنگ سہولت میں توسیع کی درخواست کی گئی۔ تیل سہولت مزید 5 سال بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ حکام وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو رواں ماہ تقریبا 4 ارب 80 کروڑ ڈالر قرض کی ادائیگی کے دبا کا سامنا ہے۔ ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈ کی ادائیگی پہلے ہی کی جاچکی، ایسے میں زرمبادلہ ذخائر برقرار رکھنے کے لئے مزید مالی مدد ناگزیر ہے۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور مضبوط برادرانہ تعلقات کی تجدید بھی کی گئی۔

قبل ازیں سعودی وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی جس میں اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور محمد بن سلمان کیلئے نیک تمناں کا اظہار کیا اور سعودی قیادت کی جانب سے مسلسل مالی و اقتصادی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا، سعودی وزیر خزانہ نے بھی تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انہیں الوداع کیا جہاں خوشگوار ماحول میں ملاقات بھی ہوئی۔ وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف اجلاس کے دوران دوبارہ ملاقات کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سعودی وزیرخزانہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کی شراکت داری مزید مضبوط ہونے کا اشارہ ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی