وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے الیکٹرک بسوں کے ڈپو اور چارجنگ سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران وزیر داخلہ کو الیکٹرک بسوں اور چارجنگ ڈپو کی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔محسن نقوی نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی انہوں نے کہا کہ منصوبے سے اسلام آباد کے 1 لاکھ 25 ہزار شہری روزانہ ان بسوں میں سفر کر رہے ہیں، جبکہ ہدف یہ ہے کہ مسافروں کی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار یومیہ تک لے جائے جائیں۔ وزیر داخلہ نے طلبا و طالبات کے روٹس کا خصوصی خیال رکھنے، الیکٹرک بس سروس کو راولپنڈی تک توسیع دینے اور میٹرو کے ساتھ اس سروس کے ٹریفک مسائل میں مددگار ہونے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد ریلوے سروس کی بحالی اور ایچ آئی ٹی پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی مقامی تیاری کرنے جا رہے ہیں ۔ ڈپو میں 64 چارجرز لگانے کی گنجائش ہے، جن میں سے 50 پہلے ہی نصب ہیں اور مزید 14 جلد لگائے جائیں گے۔ ایک چارجر دو گھنٹے میں دو بسیں چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسلام آباد میں اب 21 روٹس پر الیکٹرک بسز چل رہی ہیں اور منصوبے کو گوگل کے ساتھ بھی انٹیگریٹ کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو سہولت حاصل ہو۔ افتتاحی تقریب میں چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی