i پاکستان

وفاقی حکومت نے ہر ممکن کوشش کی ہے معاملات سیاسی انداز میں حل ہوں،شہبازشریفتازترین

October 09, 2026


وزیراعظم شہباز شریف اور سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس کے بعد رات گئے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا گیا، خیبرپختونخوا کی صورتحال خصوصا پی ٹی آئی لانگ مارچ اور مذاکراتی ڈیڈلاک بارے گفتگو ہوئی ۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر موقف دہرایا کہ معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے اور وہ اس سلسلے میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج سے گریز کا مشورہ دیا اور کہا ایمرجنسی یا گورنر راج سے حکومتی جماعتوں کو سیاسی نقصان ہوگا۔مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم سے کہا کہ وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی معاملات کی بہتری کیلئے مذاکرات کو ایک اور موقع دیں ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کی سیاسی بصیرت اور احتجاجی تحریک سے دورر ہنے کے فیصلے کی تعریف کی اور کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاسی خدمات اور مفاہمانہ انداز ہمیشہ قابل ستائش رہا

وفاقی حکومت نے ہر ممکن کوشش ہے کہ معاملات سیاسی انداز میں حل ہوں۔پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی ضد اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے دوری سے مسائل پیدا ہوئے، اب بھی وقت ہے کہ معاملات کے سلجھا کیلئے کے پی حکومت اور اپوزیشن معاملے کو سنجیدہ لے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا غفلت بھی قابل قبول نہیں۔ذرائع کے مطابق کہا گیا کہ حکومت اب بھی مذاکرات، سیاسی حل کیلئے تیار ہے مگر اپوزیشن کو وفاق پر چڑھائی سے گریز کرنا ہوگا، وفاق پر دھاوا بولنے سے مسائل حل نہیں بلکہ مزید مسائل پیدا ہوں گے۔ پی ٹی آئی لانگ مارچ ختم کرکے مذاکرات کی میز پر واپس آئے۔وزیر اعظم نے کہا پی ٹی آئی کو سمجھنا ہوگا کہ لانگ مارچ اور مذاکرات بیک وقت نہیں چل سکتے، ملکی معیشت کیلئے وفاقی حکومت نے سر توڑ محنت کی اور ملکی معیشت کو مشکل حالات سے نکالا ہے معاشی، سیاسی اور داخلی استحکام چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے سیاسی کشیدگی کم کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی، مولانا فضل الرحمان فی الحال فریقن سے بیک ڈور رابطے جاری رکھیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی