آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے حوالے سے اتحادی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان پہلا رابطہ ہوا ہے جہاں دونوں جماعتوں کی بجٹ کمیٹیوں نے اہم ملاقات کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے رہنمائو ں کے درمیان یہ اہم ملاقات سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی رہائش گاہ پر ہوئی۔اجلاس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، ایاز صادق، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چیئرمین ایف بی آر شریک ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کی نمائندگی راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، شیری رحمان، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور سلیم مانڈوی والا نے کی۔
ملاقات کے دوران چیئرمین ایف بی آر نے حکومت اور پیپلز پارٹی کی کمیٹیوں کو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ حکومت کی جانب سے بجٹ کے اہم نکات بھی پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے سامنے رکھے گئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں خصوصا وفاقی بجٹ میں صوبہ سندھ کی ترقیاتی اسکیموں اور منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔دونوں جماعتوں کے رہنمائو ں نے بجٹ کے معاملے پر مستقل رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ دونوں جانب کی بجٹ کمیٹیاں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جلد دوبارہ ملاقات کریں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی